زیادہ گرمی میں ہیٹ سٹروک سے بچائو کیلئے بروقت اور پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، وفاقی وزیر شیری رحمان کا ٹویٹ

150
زیادہ گرمی میں ہیٹ سٹروک سے بچائو کیلئے بروقت اور پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، وفاقی وزیر شیری رحمان کا ٹویٹ

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے اگلے چند دنوں کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ گرمی میں ہیٹ سٹروک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس سے بچائو کیلئے بروقت اور پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، ہم نے صوبوں اور متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔

منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اگلے چند دنوں تک ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے، اس بڑھتی ہوئی گرمی میں ہیٹ سٹروک کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، ہم نے صوبوں اور متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو سے بچنے کیلئے گائیڈ لائنز بھیج دی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں سے درخواست ہے کہ ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے بروقت اور پیشگی احتیاطی تدابیر اپنائیں،

دوپہر کے وقت سایہ دار جگہ میں رہیں، دھوپ میں جائیں تو سر اور کندھے پر گیلا کپڑا رکھیں، ہلکا اور مکمل بازو والا لباس پہنیں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور براہ راست دھوپ سے محتاط رہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ اس گرمی کے دوران اگر زیادہ پسینہ آئے،چکر آئیں، بیہوشی طاری ہو یا دیگر علامات ظاہر ہوں تو جلد از جلد طبی امداد حاصل کرنے کیلئے قریبی ہیٹ ویو ریسپانس یونٹ یا ہسپتال سے طبی امداد حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جب بھی درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ اضافہ ہو تو ان بنیادی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔