ملتان۔ 26 نومبر (اے پی پی):زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت محکمہ زراعت کے ساتھ ساتھ زرعی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات بھی میدان میں سرگرم عمل ہیں۔ترجمان کے مطابق محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ریلی اور سیمینار میں زرعی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور کاشتکاروں میں گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے پمفلٹس اورلٹریچر تقسیم کیا۔ طلباء و طالبات نے کاشتکاروں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کرنے والوں کو اربوں روپے کے انعامات بارے آگاہی دی۔
اس موقع پر ایک سیمینار بھی منعقد ہوا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹرزراعت توسیع اللہ رکھا نے کہا کہ کاشتکار جلد ازجلد گندم کی کاشت مکمل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے حکومت پنجاب کی منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔ بیج کو کاشت سے قبل مناسب پھپھو ندکش اور کیڑے مار زہر لگائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن کاشتکاروں نے ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ گندم کاشت کی ہے ان کے لئے مفت 1000 لیزر لینڈ لیولراورجنہوں نے 25 ایکڑ سے زائد رقبہ پر گندم کاشت کی ہے انہیں 1000 ٹریکٹرز بذریعہ قرعہ اندازی مفت دئیے جائیں گے جس کے تحت آن لائن درخواستوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ سیمینار میں زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو کھادوں کے متوازن و متناسب استعمال اورمناسب وقت پرآبپاشی بارے بھی آگاہی فراہم کی۔