فیصل آباد۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):پنجاب حکومت نے زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کے تصدیق شدہ بیجوں کے 10لاکھ تھیلوں پر 1500روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ چونکہ گندم ہماری خوراک کا بنیادی جزو ہے اور ملکی آبادی میں تیزی سے اضافہ کے باعث گندم کی ضرورت بھی بڑھتی جا رہی ہے
لہٰذا حکومت کی کوشش ہے کہ اس سال زیادہ سے زیادہ رقبہ زیر کاشت لاتے ہوئے پہلے سے زیادہ گندم کی کاشت کی جائے اور اس کیلئے اعلیٰ معیار کے بیجوں کی فراہمی کو ممکن بنایا جا ئے تاکہ ملک میں فوڈ سکیورٹی یقینی ہو سکے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ حکومت 10لاکھ تھیلوں کے علاوہ مشینی کاشت کے فروغ کی جانب بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی 50فیصد سبسڈی پر کاشتکاروں کو زرعی آلات و زرعی مشینری فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جا رہا ہے
تاکہ مشینی کاشت کے ذریعے جہاں جدید پیداواری ٹیکنالوجی اپناتے ہوئے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ رقبہ زیر کاشت لایا جا سکے بلکہ اس کے ذریعے بیج، کھاد اور پانی کی بھی بچت ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت اس بار گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے جڑی بوٹیوں کی مؤثر تلفی اور رسٹ کی بیماری کے کنٹرول کیلئے جڑی بوٹی مار زہر اور پھپھوند کش زہروں پر بھی سبسڈی فراہم کر رہی ہے تاکہ پیداوار میں کمی کے حامل تمام عوامل سے نجات حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت توسیع کا فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہ کرنے کیلئے کھیتوں کے دورے اور کاشتکاروں کو رہنمائی فراہم کر رہا ہے جس کے ساتھ ساتھ گندم کے سیزن کے دوران مسلسل مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جا ئے گی۔