فیصل آباد ۔ 09 نومبر (اے پی پی):زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبہ،اساتذہ اور محکمہ زراعت توسیع کا عملہ کاشتکاروں کے ڈیروں پر جا کر انہیں جدید ٹیکنالوجی کی ترویج دے رہاہے،
گندم اگاؤ مہم کے دوسرے روزجمعرات کوماہرین نے موضع دیال گڑھ،جہانگیر موڑ،اڈا بوڑیوال،چک نمبر 38 ج ب،39 ج ب، 115 ج ب،114 ج ب،50 ج ب اور258 ج ب کا دورہ کیا اور کاشتکاران کے کھیتوں میں گندم کی بروقت کاشت، ڈرل کاشت،ترقی دادہ اقسام،کھادوں کی متوازن استعمال،زیرو ٹیلج اور دیگر زرعی امور کے بارے میں پریکٹیکل ڈیمانسٹریشن دی تاکہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو سکے جس سے کاشتکار خوشحال اور ملکی معیشت خود کفالت کی طرف گامزن ہو۔
موضع دیال گڑھ تحصیل فیصل آباد کے کاشتکار فیصل منیر اور عابد وسیم کے ڈیرہ چک نمبر 115 ج ب پر جاری زیادہ گندم اگاؤ مہم میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محموداور پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ڈویژنل کوآرڈینیٹرگندم مہم نے حصہ لیا ۔
کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاشتکار منظور شدہ اقسام دلکش 21، اکبر 2019،بھکر سٹار اور سبحانی21 کاشت کریں،گندم کی کاشت20 نومبر تک مکمل کی جائے جبکہ محکمانہ سفارشات پر عمل کریں تاکہ خوشحالی کا یہ سفر کامیابی کے ساتھ گامزن رہے۔