کوئٹہ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ بلوچستان چیئرمین زیارت ڈویلپمنٹ پیکج میرعلی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں اورامن وامان کا جائزہ لینے کیلئے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔
جمعرات کے روز یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر انڈسٹریز پرنس احمد علی بلوچ ، سیکرٹری صحت اسفند یار کاکڑ، ڈی آئی جی پولیس پرویز خان عمرانی ڈپٹی کمشنر زیارت محمد رمضان پلال پروجیکٹ ڈائریکٹر زیارت ڈویلپمنٹ پیکج نثار احمد کاکڑ، پروجیکٹ ڈائریکٹر زیارت سنجاوی روڑعصمت اللہ کاکڑ ، محکمہ مواصلات ، پولیس اور مقامی انتظامی افسران نے شرکت کی ۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زیارت ڈویلپمنٹ پیکج منصوبوں پر کام کی رفتار پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لینڈ ایکوزیشن کرکے فوری طور پر ڈویلپمنٹ پیکج کے ماسٹر پلان پر بلا تاخیر کام شروع کرنے اور کام کی پیش رفت پر ہفتہ وار رپورٹ سی ایم سیکرٹریٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیارت ڈویلپمنٹ پیکج اور ماسٹر پلان میں ترقیاتی منصوبوں میں کام کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور اسے مقررہ مدت یا اس سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں سے استفادہ کر سکیں ۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ زیارت کے سیاحتی مقامات میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے انفرا سٹریکچر بہتر بنایا جائے اور مقامی قبائل کے مابین کشیدگی کے خاتمے کے لیے مثبت پیش رفت کرکے امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے ، مقامی قبائل میں بھائی چارے کی فضا کے لئے انتظامیہ مثبت پیش رفت کرے ۔ انہوں نے کہ زیارت سنجاوی روڈ پر بلا تاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس منصوبے میں آنے والی اراضی کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی شروع کی جائے تاکہ اس منصوبے میں مزید تاخیر نہ ہو۔