کوئٹہ۔ 24 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ زیارت کی ترقی قومی ترقیاتی ترجیحات کا حصہ ہے جسے منفرد سیاحتی مقام بنایا جائے گا ،شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے،ترقیاتی منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں زیارت میں قبائلی عمائدین اور زعلماء سے خطاب کرتے ہوئے کیا
،اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ، آغا شکیل درانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ و دیگر اعلیٰ حکام اور قبائلی عمائدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور زیارت کی ترقی کے لئے تمام عمائدین اور سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیارت پاکستان کا اہم شہر ہے جہاں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے قیمتی ایام گزارے ، زیارت کی ترقی قومی ترقیاتی ترجیحات کا حصہ ہے، اس موقع پر وزیر ا علیٰ نے زیارت کے قبائلی عمائدین اور مقامی افراد سےملاقات بھی کی ۔