26.6 C
Islamabad
منگل, اپریل 1, 2025
ہومتازہ ترینزیروویسٹ پر مبنی معاشرے کے حصول کے لیے اجتماعی سطح پر عملی...

زیروویسٹ پر مبنی معاشرے کے حصول کے لیے اجتماعی سطح پر عملی اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت نے فضلے کی آلودگی سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا زیرو ویسٹ کے عالمی دن پر پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زیرو ویسٹ کے اس عالمی دن پر پاکستان، کرہ ارض کے صاف ستھرے، صحت مند اور پائیدار مستقبل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے، آئیں ہم سب، آئندہ نسلوں کے لیے ایک صحت افزا اور صاف ستھرے کرہ ارض کو یقینی بناتے ہوئے، زیروویسٹ کو حقیقت بنانے کے لیے مل کر کام کریں، فضلے کی آلودگی ایک سنگین بحران ہے جو ہمارے ماحول، صحت عامہ اور معیشت کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے۔

وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری زیرو ویسٹ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ یہ ضروری ہے کہ ہم مصنوعات وصول کرنے،انکی تیاری،تلف کرنے کی معیشت سے ایک قدم آگے بڑھیں اور ایک سرکلر ماڈل کو اپنائیں جو فضلہ میں کمی اور وسائل کو موثر طور پر برئے کار لانے پر مرکوز ہے۔ پلاسٹک اور خطرناک فضلہ ہمارے دریائوں، لینڈ فِلز اور ہوا کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں اور ماحولیاتی تبدیلی میں مزید اضافہ کررہے ہیں۔ شہروں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ اور صنعتی ترقی کے ساتھ، پاکستان کو کچرے کے انتظام کے لئے پائیدار حل اپنانا ہوگا جو ہمارے ماحول کی حفاظت کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی اور سماجی ترقی میں اضافہ کرے گا۔

- Advertisement -

رواں برس کا تھیم”فیشن اور ٹیکسٹائل میں زیرو ویسٹ” ایک ایسی صنعت میں پائیداری کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتا ہے جو بڑے پیمانے پر فضلہ پیدا کرتی ہے۔ ایک بڑے ٹیکسٹائل پروڈیوسر کے طور پر پاکستان ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے مصنوعات کی ماحول دوست تیاری، ٹیکسٹائل کی ری سائیکلنگ اور اس حوالے سے صارفین میں اخلاقی رجحانات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت نے فضلے کی آلودگی سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں۔ ہماری سرکلر اکانومی پالیسی جو اپنی تشکیل کے حتمی مراحل میں ہے، فضلے کے تلف کرنے کے نظام میں انقلاب برپا کرے گی۔ لیونگ انڈس انیشی ایٹو آلودگی کو کم کر کے دریائے سندھ کے فطری نظام کی بحالی یقینی بنا رہا ہے۔کلین گرین پاکستان موومنٹ بنیادی سطح پر معاشرے کو کچرے کی تلفی کے بہتر انتظام کے لیے کمیونٹیز کو بااختیار بنارہاہے۔

مزید برآں، ہمارا پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ ایکشن پلان صرف ایک بار قابل استعمال پلاسٹک کو ختم کر رہا ہے، بائیو ڈیگریڈیبل متبادل کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے اور ری۔سائیکلنگ کی کوششوں کو فروغ دے رہا ہے۔ ہم پرڈیوسر کی توسیعی ذمہ داری کی بھی وکالت کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مینوفیکچررز اپنی مصنوعات کے پورے لائف سائیکل کے لیے جوابدہ ہوں اور ویسٹ مینجمنٹ کو پیداوار اور پیکیجنگ میں ضم کر یں۔ تاہم، صفر فضلہ والے معاشرے کے حصول کے لیے اجتماعی سطح پر عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

شہریوں کو چاہیے کہ وہ گھروں میں پیدا ہونے والے فضلے کو کم کریں، ری سائیکل کریں ۔ کاروباروں کو پائیدار پیداوار کی طرف منتقل ہونا چاہیے اور فضلہ میں کمی لانی چاہیے۔ ضلعی حکومتوں کو فضلہ جمع کرنے اور ری سائیکلنگ کی سہولیات میں اضافہ کرنا چاہیے۔ نجی شعبے کو فضلہ سے توانائی اور سبز کاروباری حل میں جدت لانی چاہیے۔یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ چھوٹے سے چھوٹا قدم کسی مقصد کے حصول کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، آئیں ہم سب، آئندہ نسلوں کے لیے ایک صحت افزا اور صاف ستھرے کرہ ارض کو یقینی بناتے ہوئےزیرو ویسٹ کو حقیقت بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577327

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں