اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):زیرگردش کرنسی کے حجم میں ہفتہ وار بنیادوں پر ایک فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 21 جو ن 2024 کو ختم ہونے والے ہفتہ میں زیرگردش کرنسی کا حجم 9.397 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں ایک فیصد زیادہ ہے، پیوستہ ہفتہ میں زیرگردش کرنسی کا حجم 9.301 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، گزشتہ مالی سال کے آغاز سے لیکر21 جو ن تک کی مدت میں زیرگردش کرنسی میں مجموعی طور پر 2.7 فیصد کا اضافہ ہوا۔
اعدادوشمار کے مطابق 21 جو ن 2024 کو ختم ہونے والے ہفتہ میں زر وسیع (ایم ٹو) کا حجم 35.130 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.1 فیصد زیادہ ہے، پیوستہ ہفتہ میں زر وسیع کا مجموعی حجم 35.102 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق 21 جو ن 2024 کو ختم ہونے والے ہفتہ میں بینکوں کے مجموعی کھاتوں کا حجم 25.598 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ کے مقابلہ میں 0.3فیصد کم ہے، پیوستہ ہفتہ میں بینکوں کے مجموعی کھاتوں کا حجم 25.665 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔