اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):زیر گردش کرنسی کے حجم میں ہفتہ وار بنیادوں پر 1.7فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 26 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتہ میں زیرگردش کرنسی کا حجم 9070 ارب روپے ریکارڈکیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 1.7فیصد اور گزشتہ ماہ کے مقابلہ میں 0.5 فیصد کم ہے۔ جاری سال کے آغاز سے لے کر اب تک زیر گردش کرنسی کے حجم میں مجموعی طورپر 7.3 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا۔
اعدادوشمار کے مطابق 26 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتہ میں زر وسیع (ایم ٹو) کا حجم 35146 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 0.4فیصد اور گزشتہ ماہ کے مقابلہ میں 3 فیصد کم ہے۔ جاری سال کے آغاز سے لے کر اب تک ایم ٹو میں مجموعی طورپر 6.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق 26 جولائی کوختم ہونےوالے ہفتے میں بینکوں کے مجموعی ڈیپازٹس کاحجم 25928 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 0.1 فیصد زیادہ اور گزشتہ ماہ کے مقابلہ میں 3.9فیصدکم ہے۔ جاری کیلنڈر سال کے آغاز سے لے کر اب تک بینکوں کے ڈیپازٹس میں مجموعی طورپر 6.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔