اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزارت خارجہ کے زیراہتمام’ ’سائنس برائے پائیدار ترقی“کے عنوان سے دو روزہ نمائش 16 مارچ سے شروع ہو گی۔ سائنس ڈپلومیسی کے تصور کے تحت منعقدہ یہ نمائش پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں 16 سے 17 مارچ تک جاری رہے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نمائش پاکستان اٹامک انرجی کمیشن، سپارکو، نیشنل سینٹر فار فزکس، نسٹ، لمز اور کامسیٹس یونیورسٹی کی پارٹنر شپ سے ہورہی ہے۔ نمائش کا مقصد سائنس و ٹیکنالوجی اور تخلیقات وایجادات کے شعبے میں پاکستان کی کامیابیوں اورکامرانیوں کو سامنے لانا ہے۔ نمائش کے ذریعے پاکستانی ٹیکنالوجی مصنوعات کے لئے نئی مارکیٹس تلاش کرنا اور پاکستان کے مسابقتی معیار کو بہتر بنانا ہے۔ نمائش کا ایک مقصد دنیا کی سب سے بڑی پارٹیکل ایکسیلیٹر (سرن) میں پاکستان کی کاوشوں کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ یورپی تنظیم برائے جوہری تحقیق (سرن) میں 1994ءسے پاکستان اپنا نمایاں کردار اداکررہا ہے۔ نمائش کے ذریعے جوہری توانائی کو پرامن مقاصد کے لئے استعمال کرنے میں پاکستان کی پیش رفت اور خلاءمیں ہماری کامیابیوں کو دنیا کے سامنے پیش کیاجائے گا۔ اکیسویں صدی میں سائنس ڈپلومیسی کے استعمال میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تنزلی، صحت عامہ ، توانائی، پانی وخوراک سے متعلق خطرات سے نمٹنے میں سائنس ڈپلومیسی کی افادیت واہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ”سائنس برائے پائیدار ترقی“ نمائش کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا مثبت اور جدت پسند تشخص اجاگر ہوگا۔ نمائش کے ذریعے پاکستان میں سماجی ومعاشی ترقی کے ایجنڈے اور ’ایس ڈی جیز‘ پر عمل درآمد کے حوالے سے خارجہ پالیسی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ عوام 16 مارچ کو دوپہر ایک بجے سے شام 5 بجے تک نمائش میں حصہ لے سکیں گے۔ 17 مارچ کو عوام کے لئے صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک نمائش میں داخلے کی عام اجازت ہوگی۔ مہمان خصوصی کے علاوہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر عطاءالرحمن بھی خطاب کریں گے۔ نمائش کے دوسرے دن وزیر منصوبہ بندی اسدعمر، چئیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری اور پروریکٹر نسٹ ڈاکٹر اکرام خطاب کریں گے۔ 17 مارچ کو سابق چئیرمین پی اے ای سی انصرپرویز، لمز کے شعبہ فزکس کے ڈاکٹر محمد صبیح انور اور مشرف زیدی بھی خطاب کریں گے۔