کوئٹہ۔ 07 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سائنٹفک ایجوکیشن ہر ترقی کی بنیاد ہے،تعلیم وہ قوت ہے جو خود کو دریافت کرنے اور پورے سماج کو تبدیل کرنے کی راہ ہموار کرتی ہے،اس ضمن میں نسٹ یونیورسٹی کیمپس کی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں موجودگی پورے صوبے کے نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہے جو ہائیر ایجوکیشن کے فروغ اور مستقبل کے لیڈروں کی پرورش کیلئے پرعزم ہے،اگرچہ نسٹ یونیورسٹی کیمپس کوئٹہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے تاہم اسے مزید کامیابی کی بلندی پر پہنچانے کیلئے ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نسٹ یونیورسٹی کیمپس کوئٹہ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر مغیث اسلم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات میں پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی بھی موجود تھے۔اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ تعلیم دراصل انسانی صلاحیت اور ترقی کے امکان کے درمیان ایک اہم پل ہے جو خوابوں کو حقیقت سے جوڑتا ہے،یہ روشنی پھیلانے اور جستجو بڑھانے کا ایک ایسا سفر ہے جس میں استقامت، لگن اور ابھرتے ہوئے نوجوانوں کے ذہنوں کو روشن کرنے کے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے۔ نسٹ کیمپس میں مسقبل قریب میں نئے اکیڈمک ڈسپلن متعارف کرانے اور ذہنی تربیت کے ساتھ ساتھ جسمانی تندرستی کیلئے سپورٹس سہولیات کے منصوبے لائق تحسین ہیں۔گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی خاطر ہم نسٹ کیمپس کو اپ ڈیٹ اور اپ گریڈ کرنے کیلئے
ہر ممکن تعاون و معاونت مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کو حقیقی ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کرنے کیلئے یہاں کے ہر باشعور شہری کو محض تنخواہ کی خاطر نہیں بلکہ ایک بےلوث خدمت خلق کے جذبہ اور قومی ذمہ داری کے تحت اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔