سائوتھمپٹن ۔ 11 جولائی (اے پی پی) ڈوم سیبلے اور زیک کرولی کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنالئے اور اسے مہمان ٹیم کے خلاف سائوتھمپٹن ٹیسٹ میں 170 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی جبکہ اسکی دو وکٹیں ابھی باقی تھیں، رورے برنز اور ڈوم سیبلے نے میچ کے چوتھے روز دوسری ادھوری اننگز محتاط انداز میں شروع کی تو دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ ڈوم سیبلے اور زیک کرولی نے نصف سنچریاں سکور کیں، اس کے بعد کپتان بین سٹوکس اور زیک کرولے نے چوتھی وکٹ کی شراکت پر 98 قیمتی رنز بناکر اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنادی، زیک کرولی 76، ڈوم سیبلے 50، بین سٹوکس 46 اور رورے برنز 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ویسٹ انڈیز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شینن گیبریل نے تین، روسٹن چیسی اور الزاری جوزف نے دو، دو جبکہ جیسن ہولڈر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ہفتہ کو میچ کے چوتھے روز انگلینڈ ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز بغیر کسی نقصان کے 15 رنز سے دوبارہ شروع کی تو رورے برنز 10 اور ڈومینک سیبلے 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو دوسری اننگز میں 72رنز کا آغاز فراہم کیا، رورے برنز 42 رنز بناکر روسٹن چیسی کی گیند پر کیمپ بیل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، ڈومینک سیبلے دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 50 رنز بناکر شینن گیبریل کی گیند پر وکٹ کیپر شین ڈورچ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، جو ڈینلے انگلینڈ کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 29 رنز بناکر روسٹن چیسی کی گیند پر جیسن ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان بین سٹوکس اور زیک کرولے کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت پر 98 قیمتی رنز بنے تاہم اس موقع پر کپتان بین سٹوکس 46 رنز بناکر جیسن ہولڈر کی گیند پر ہوپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انکے بعد زیک کرولے کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 76 رنز بناکر الزاری جوزف کی گیند پر آئوٹ ہوگئے، اس موقع پر انگلینڈ کا مجموعی سکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز تھا۔ وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 9 رنز بناکر الزاری جوزف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، ڈوم بیس انگلینڈ کے ساتویں آئو ٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو صرف تین رنز بناکر شینن گیبریل کی گیند کا نشانہ بنے، اولی پوپ 12 رنز بنانے کے بعد شینن گیبریل کی گیند پو کلین بولڈ ہوگئے۔ میچ کے چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنالئے تھے اور اسکو ویسٹ انڈیز کے خلاف 170 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ جوفرا آرچر 5 اور مارک ووڈ 1 رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شینن گیبریل نے تین، روسٹن چیسی اور الزاری جوزف نے دو، دو جبکہ جیسن ہولڈر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=206691