اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):سائینو ویک کی 20 لاکھ مزید خوراکیں پی آئی اے کے خصوصی طیارے کر ذریعے اسلام آباد پہنچ گئیں جنہیں جلد دیگر صوبوں کے ویکسین مراکز میں پہنچایا جائے گا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق ویکسین کی یہ خوراکیں چین کی پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کے تحت کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے لائی گئی ہیں۔
این سی او سی کے زیرنگرانی این ڈی ایم اے بین الاقوامی مارکیٹ سے ویکسینز کی خریداری کے عمل کو دیکھ رہا ہے۔ ویکسین کی یہ خوراکیں تمام صوبوں میں قائم شدہ ویکسین سینٹرز پر پہنچائی جائیں گی جس کے لئے پہلے سے حکومت پاکستان نے انتظامات کر رکھے ہیں۔سائنو ویک کی اس کھیپ کی آمد کے ساتھ ملک بھر میں عوام کو روزانہ لگائی جانے والی اوسطاً خوراک میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس وبائی مرض کے خلاف ویکسین لگوا سکیں گے۔