اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران حکومت نے چار سال میں معاشی دہشت گردی کی، تمام اداروں کو برباد کیا، غربت میں تاریخی اضافہ ہوا، کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں ملک مزید 14 درجے نیچے گیا، عمران نیازی اپنی ناکامی پر پردہ ڈال کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سابقہ دور میں مہنگائی اور کرپشن میں بدترین اضافہ ہوا، کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں ملک مزید 14 درجے نیچے گیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت مضبوط ہوگی تو پاکستان ترقی کرے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سی پیک منصوبے کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہماری حکومت سی پیک کا 90 فیصد کام مکمل کر چکی تھی، ہمارا تخمینہ تھا کہ2025ء تک 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ملک میں لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کا حجم کم کیا جو افسوسناک ہے۔ سیاسی رشوت بانٹنے کے چکر میں منصوبوں کا گلہ گھونٹا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں 44 فیصد وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حلیہ بگاڑ دیا گیا ہے، ہم سی پیک کا ایم ایل ون منصوبہ شروع نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ ملک اجناس میں کیسے خودکفیل ہے؟ ہر چیز درآمد کرنا پڑ رہی ہے، ملک میں گندم کی کم پیداوار کا سامنا ہے، رواں سال گندم درآمد کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 2011ء کی پرانی ٹیپ عوام کے سامنے بجا رہے ہیں۔ اگر عمران خان شفاف انتخابات چاہتے ہیں تو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں آ کر بیٹھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کو دھمکانے کی کوشش کی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
عمران خان فارن فنڈنگ کیس کے ممکنہ فیصلے کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن پر برس پڑے ہیں، یہ اپنے انجام سے بچ نہیں سکتے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی نے بیرون ملک پاکستانیوں کے فنڈز غبن کیے، سابق ڈپٹی سپیکر نے عمران خان کے حکم پر آئین شکنی کی، عمران خان ایک آئین شکن شخص کو ہیرو بنا کر پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت آئین کی محافظ ہے، آئین شکنی ہو گی تو عدالت اپنا کام کرے گی، عمران خان ملک کے اداروں کو اپنا غلام بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب عمران خان نے حلف اٹھایا تب وہ بھی ضمانت پر تھے، عمران خان کے بنائے گئے مقدمات میں ہم سرخرو ہو کر نکلے، پاکستانی قوم کی اکثریت عمران خان کی کارکردگی کو روزانہ بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنی غلطیوں پر محاسبہ کرنا چاہیے، فراڈ اور دھوکے سے آپ لوگوں کو بار بار چکمہ نہیں دے سکتے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم پاکستان کو سفارتی تنہائی سے نکالیں گے، اگر ترقی کرنا ہے تو ہمیں یورپی یونین اور امریکا کی منڈیوں میں زیادہ سے زیادہ اپنا شیئر حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے، محمد نواز شریف نے 6 ایٹمی دھماکے کر کے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، عمران خان غیر ذمہ دار سیاست کے ساتھ ملک کو بربادی کے راستے پر ڈالنا چاہتے ہیں، حکمرانی کرنا عمران خان کے بس کی بات نہیں۔