
شکرگڑھ۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر احسن اقبال نےکہا ہےکہ سابقہ دور کے آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدوں پر عمل کرنا پڑرہا ہے، نواز شریف کی قیادت میں ہم نے پاکستان کو ٹھیک کیا تھا ، 2018 میں پاکستان کی چابی اناڑی عمران خان کودے دی گئی، عمران خان اناڑی تھا اسے ملک پر بٹھایا گیا عمران خان خود بھی رو رہا ہے اور ملکی معیشت کا بیڑہ غرق بھی کیا ہے ۔ چانگووالی میں ورکرز سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے ملک کو اندھیروں سے نکالا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے نجی سکول تقریب سے بھی خطاب کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب اپوزیشن میں تھے تو کہتے تھے عمران خان جو کام کررہا ہے اس کا خمیازہ کئی سال پاکستان کو بھگتناپڑے گا،عمران خان اس ملک کو تباہ کر کے خود مزے سے بیٹھا ہے ،ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2013میں 16 گھنٹے بجلی نہیں آتی تھی جب ہم نے حکومت چھوڑی تھی بجلی پوری کرکے گئے تھے ۔مجھے یقین ہے دو، تین سالوں کے اندر پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے قابل ہو جائیں گے، جس کی تباہی پچھلے چار سالوں میں ہوئی ہے۔