سابق ایم ڈی اے پی پی و تجزیہ کار صحافی مسعود ملک (مرحوم) کی تیسری برسی ک پرتعزیتی ریفرنس میں مقررین کاخراج عقیدت

150

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):سابق ایم ڈی اے پی پی و تجزیہ کار صحافی مسعود ملک (مرحوم) کی تیسری برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس کے شرکا نے مرحوم کی بطور صحافی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اورکہا کہ ان کی خدمات نوجوان صحافیوں کے لئے میراث ہیں، صحافتی تنظیموں کو شعبہ صحافت کے رخشندہ ستاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے نوجوان صحافیوں کو روشناس کرانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

جمعرات کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ (آر آئی یو جے) دستور کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس کی صدارت پی ایف یو جے دستور کے صدر حاجی محمد نواز رضا کر رہے تھے۔ مرحوم سینئر صحافی ، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹرکے عہدے پر بھی فائز رہے جبکہ مختلف قومی اخبارات، خبر رساں اداروں کے ساتھ بطور رپورٹر، ایڈیٹر بھی منسلک رہ چکے ہیں ۔

ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن ( کے سینئر رہنما صدیق الفاروق نے کہا کہ مرحوم کے ساتھ ان کی بہت گہری وابستگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اور مسعود ملک نے پی پی آئی میں کچھ عرصہ اکٹھےکام کیا اور میں نے ہمیشہ مسعود ملک مرحوم کو پیشہ ور صحافی اور ایک اچھا انسان پایا ۔وہ اپنے پیشے سے شوق کی حد تک پیار کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آمریت کے دور میں کئی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ ثابت قدم رہے اور آزادی اظہار اور جمہوریت کے لیے اپنے نظریے اور موقف سے دستبردار نہیں ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان صحافیوں کو مسعود ملک کی زندگی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں سے سیکھنے کا موقع ملا جنہوں نے ہمیشہ اپنے پیشے کو ذاتی زندگی پر ترجیح دی۔ سابق وفاقی وزیر جے سالک نے بھی مرحوم مسعود ملک کو خراج عقیدت پیش کیااورکہا کہ صحافی برادری کو چاہیے کہ وہ اپنے ایسے اکابرین کی میراث بنیں جو آج ہم میں نہیں ہیں اور ان کی کامیابیوں کی یاد میں خصوصی سمپوزیم اور سیمینارز یا کانفرنسوں کا اہتمام کریں ۔ انہوں نیشنل پریس کلب کے ایک ہال کو ان کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے ان کے بچوں سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا ۔

صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد انور رضا نے کہا کہ مرحوم مسعود ملک اچھے اوصاف کےمالک تھے جنہوں نے پیشہ وارانہ صحافت پر بہت مثبت اثرات چھوڑے ہیں۔ پریس کلب کے مرکزی ہال میں ایک شاندارگیلری قائم کی جائے گی جس میں صحافت کے تمام شعبہ جات کے ایسے تابندہ اور روشن ستاروں کے پورٹریٹ اور ان کی خدمات کا مختصر تعارف آویزاں کیا جائے گا تاکہ انکی خدمات سے مہمانوں اور خاص طور پر نئے آنے والے صحافیوں کو روشناس ہونے کا موقع مل سکے۔ سینئر صحافی رشید ملک نے بھی مرحوم سینئر صحافی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسعود ملک نے بطور منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی ادارے کے پیشہ ورانہ اور انتظامی امور کو نہایت عاجزی اور شائستگی کے ساتھ نبھایا۔ انہوں نے ورکرز کی بہتری کے لیے ان کی حمایت بھی کی اور ورکنگ سٹاف کی بہتر کارکردگی کا اعتراف کیا۔ سیکرٹری نیشنل پریس کلب خلیل احمد راجہ نے بھی مسعود ملک کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مرحوم اپنے سٹاف اور ماتحتوں کے ساتھ نرمی اور شفقت سے پیش آتے۔ وہ اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے اور جنہوں نے اپنے ساتھ کام کرنے والوں کو بھی سیکھنے کا موقع فراہم کیا۔

آخر میں صدر پی ایف یو جے دستور، حاجی نواز رضا نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور مرحوم مسعود ملک کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ تقریب میں مرحوم کے صاحبزادوں منہاج مسعود، موحد مسعود، مومن مسعود، اہل خانہ، سینئر صحافیوں اور دوستوں نے شرکت کی۔ آخر میں مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔