اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مسعود جان اور سینئر کھلاڑی ثناء اللہ مروت افغانستان کےبلائنڈ کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لیے افغانستان پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدرسید سلطان شاہ نے ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سے درخواست کی تھی کہ ان کے کھلاڑیوں کوتربیت میں مدد فراہم کی جائے تاکہ افغانستان کے کھلاڑی عالمی سطح کے مقابلوں میں بھی حصہ لے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کونسل نے انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، اس سلسلے میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے قومی ٹیم کے سابق کوچ مسعود جان اور سینئر کھلاڑی ثناء اللہ مروت کو افعانستان کے بلائنڈ کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر نے کے لئے افعانستان بھیج دیا ہے جہاں پروہ 35 افغان بلائنڈ کھلاڑیوں کو 6سے 16اگست تک تربیت فراہم کریں گے۔ اس سے پہلے بھی پاکستانی کوچز نے آسٹریلیا، نیپال اور بنگلہ دیش کے بلائنڈ کھلاڑیوں کو تربیت دی ہے ۔
سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو اجلاس میں افغانستان کی ممبر شپ کی بھی منظوری دی ہے اور ممکن ہے کہ افغانستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم رواں سال پاکستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ میں شرکت کرسکے۔