اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سابق حکمران لوٹ مار اور بیرون ممالک جائیدادیں بنانے میں مصروف رہے انہوں نے عوام اور ملک کیلئے کچھ نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان کی ایماندارانہ قیادت میں موجودہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ڈیموں کی تعمیر اور پناہ گاہیں بنانے کے علاوہ متعدد منصوبے شروع کئے ہیں اور …
سابق حکمران لوٹ مار اور بیرون ممالک جائیدادیں بنانے میں مصروف رہے ‘ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو
اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سابق حکمران لوٹ مار اور بیرون ممالک جائیدادیں بنانے میں مصروف رہے انہوں نے عوام اور ملک کیلئے کچھ نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان کی ایماندارانہ قیادت میں موجودہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ڈیموں کی تعمیر اور پناہ گاہیں بنانے کے علاوہ متعدد منصوبے شروع کئے ہیں اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مریم نواز بیانات دے رہی ہی لیکن انہوں نے ابھی تک نواز شریف کی صحت کے بارے نہیں بتایا۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا نواز شریف سے کوئی موازنہ نہیں ہے، نواز شریف بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہے، انہوں نے اپنے اور اپنے بچوں کے اثاثے بڑھائے، اربوں روپے کے معاہدے کر کے کک بیکس لئے جبکہ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نیک نیتی کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کو آگے لیکر جانے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان پر بدعنوانی کا کوئی داغ ہے اور نہ ہی کوئی شوگرمل اور کاروبار ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے نیب قوانین میں ترامیم کیلئے جو تجاویز دیں اس کے بعد وہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہیں، بدعنوانی میں ملوث عناصر کو بچانے کیلئے عجیب تجاویز آ رہی ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے مریم نواز کو بدعنوانی کیسز میں تحقیقات کیلئے بلایا تو انہوں نے اپنے کارکنوں کے ہمراہ قومی ادارے پر پتھراﺅ کیا جو کہ افسوسناک ہے اور پھر نیوز کانفرنس کے دوران اداروں پر الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں آئی پی پیز کے مہنگے معاہدے کر کے قوم پر ظلم کیا تھا اور آج تک کک بیکس لے رہے ہیں تاہم موجودہ حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدے کئے جس کے بعد عوام کو سستی بجلی ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے اگر دوبارہ ایسی حرکت دوہرائی تو قانون حرکت میں آئے گا کیونکہ حکومت کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی لندن میں تفریح، کھانا کھانے اور کافی پینے کی تصاویر تو سامنے آ رہی ہیں لیکن ابھی تک ان کی کوئی میڈیکل رپورٹ سامنے نہیں آئی۔







