1965 کے شہدا کی عظیم قربانی ہمارے لیے مقدس امانت ہے جس کی حفاظت کےلئے فوج تیار ہے، بلوچستان میں پاک فوج کے جوانوں کا قوم کے نام خصوصی پیغام

بلوچستان میں مادرِ وطن کا دفاع کرنے والے پاک فوج کے جوانوں نے یوم دفاع کے موقع پرقوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1965 کے شہدا کی عظیم قربانی ہمارے لیے مقدس امانت ہے جس کی حفاظت کےلئے فوج تیار ہے۔

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):بلوچستان میں مادرِ وطن کا دفاع کرنے والے پاک فوج کے جوانوں نے یوم دفاع کے موقع پرقوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1965 کے شہدا کی عظیم قربانی ہمارے لیے مقدس امانت ہے جس کی حفاظت کےلئے فوج تیار ہے۔ بلوچستان میں دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے والے پاک فوج کے جوانوں نے یومِ دفاع کے موقع پر دفاع وطن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم بے فکر رہے کیونکہ پاک فوج ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے دفاع کےلئے ہمہ وقت چوکس ہے۔

جوانان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان صرف ایک سرزمین نہیں بلکہ ہماری پہچان ہے جس کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ کبھی ڈریں گے، نہ جھکیں گے اور پاک مٹی کی حفاظت کےلئے جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔1965 سے لے کر آج فتنہ الہندوستان کی شر انگیزی تک پاک فوج نے ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر وطن کا دفاع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کے شہدا کی قربانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ قوم اور فوج متحد ہوں تو کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔بلوچستان میں موجود پاک فوج کے جوانوں نے ملکی سالمیت کےلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ۔