سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج عوام کو اقتصادی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان

55

اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج عوام کو اقتصادی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ماضی میں گیس مہنگے داموں خرید کر سستی دی جاتی تھی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بھی یہی ہے کہ گیس مہنگی خریدی جا رہی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تین صوبے خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان گیس میں سرپلس میں ہیں اور پنجاب خسارے میں ہے لیکن ماضی میں کبھی یہ کوشش ہی نہیں کی گئی کہ پنجاب میں بھی تیل اور گیس کے ذخائر تلاش کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ پنجاب کی گیس کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تیل و گیس کے نئے ذخائر تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ گیس چوری کو روکنے کے لیے بھی اہم اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سردی کے باعث گیس کا استعمال زیادہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے گیس کے بل زیادہ آئے، پیک ٹائم ہم گزار چکے ہیں اس لیے اگلے ماہ سے گیس کے بل دوبارہ سے کم ہوں گے۔