
لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):سابق خاتون اول و مسلم لیگ( ن) کے قائد محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی چھٹی برسی کے موقع پرمسلم لیگ ن کی سنیئر رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے اپنے آفس میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا ۔
دعائیہ تقریب میں حلقہ این اے 127کی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور قرآن خوانی اور نعت خوانی کی جبکہ تقریب کے اختتام پر مرحومہ کیلئے دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی سیاسی اور سماجی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انہوں نے آمریت کے دور میں جس طرح پارٹی کو سنبھالا وہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مادر جمہوریت کی جمہوریت کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں حلقہ بھر کی خواتین نے شرکت کی ہے ۔
تقریب میں کوآرڈینیٹر ویمن ونگ این اے 127 رابعہ افضل ،وزیر اطلاعات و نشریات کی کوآرڈنیٹر برائے کلچر اینڈ ہیرٹیج فرح دیبا ،کوآرڈی نیٹر یوتھ ونگ این اے 127حمزہ ملک ،پی ایس او ٹو منسٹر شہباز طالب نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔