سابق سپیکر صوبائی اسمبلی گلگت بلتستان فدا محمد ناشاد کا پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

121
pollen allergy

استور ۔28 نومبر (اے پی پی):سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان حاجی فدا محمد ناشاد نے پارا چنارواقع پر تحریک انصاف کے قائدین کی خاموشی اور مذمتی بیانات تک نہ دینے پر احتجاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا اور پی ٹی آئی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا ۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرا ضمیر اس پارٹی میں مطمئن نہیں جو دہشت گردی کرنے والوں کی مذمت تک نہ کرے ،پارا چنار میں جو ظلم ہوا ہے ہم اسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور میں ذاتی طورپر اس واقعہ کے بعد پی ٹی آئی پارٹی چھوڑنے کا اعلا ن کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میں اس سے قبل پی ٹی آئی پارٹی میں مکمل شامل تھا اور پارٹی کے اہم عہدے پر بھی فائز رہا ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے ،علی امین گنڈا پور اس صوبے کے وزیر اعلی ہیں ،ابھی تک ان کی جانب سے نہ اس واقعہ کے خلاف مذمتی بیان آیا ہے اور نہ ابھی تک ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے ، اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کریں کم ہے ،اسی وجہ سے میں نے پی ٹی آئی چھوڑ دی ہے اور آج کے بعد میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

الیکشن لڑنے کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام اور ووٹروں کے اصرار پر اس سال اپنے حلقے سے این اے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہا ہوں ،میرا مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے، میرے لیے عوام سب کچھ ہے، عوام اور علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے پہلے بھی کام کیا اور آئندہ بھی عوام کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشش کروں گا۔