پشاور۔ 09 جولائی (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی کے راہنماء سابق صوبائی وزیر، سابق سینیٹر عاقل شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار این اے 19 بلال شیرپاؤ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا کے یوتھ انگیجمنٹ ، وویمن امپاورمنٹ اور صوبہ کا روشن چہرہ اجاگر کرنے کے لیے کھیلوں کے فروغ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں آنے والی نیشنل گیمز میں صوبہ کی بھرپور نمائندگی یقینی بنانے کے لیئے اقدامات اٹھانے کو انتہائی ضروری قرار دیا گیا ۔گورنر نے کہا کہ صوبہ کے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانے اور انکی خوابیدہ صلاحیتوں کو جلا بخشنے کے لیئے کھیلوں کے گراؤنڈز کی ابادی انتہائی ضروری ہے ہمارے علاقائی کھیل محبت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں افسوس کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی نمائندگی کا دعویٰ کرتی ہے مگر نوجوانوں کے مستقبل کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ، ملاقات میں جنوبی اضلاع میں علاقائی کھیلوں خصوصا والی بال کے فروغ کی متعدد تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔