اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں افغانستان پر گول میزکانفرنس کا انعقاد ہوا۔ سابق سیکرٹری خارجہ اور انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل سہیل محمود کی زیر صدارت ہونے والی گول میز کانفرنس میں افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر بھی شرکاءنے اظہار خیال کیا۔
انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گول میزکانفرنس کا اہتمام سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ نے کیا تھا جس میں افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے سیاسی، سفارتی، سیکورٹی، تجارتی اور عوام سے تعلقات کے پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاءنے اپنے خیالات اور جائزوں کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تجاویز بھی دیں۔ کانفرنس میں شرکاءنے سابق افغان وزیر خزانہ اور سفیر ڈاکٹر عمر زاخیلوال کے ساتھ افغانستان سے متعلق پیش رفت پر مباحثے میں بھی حصہ لیا۔
گول میز کانفرنس کے شرکاءمیں سابق پاکستانی سفارت کار ایاز وزیر، سابق سفیر قاضی ہمایوں، افغانستان میں پاکستان کے سابق سفیر ابرار حسین، پلاننگ کمیشن کے ممبر ڈویلپمنٹ کمیونیکیشنز ڈاکٹر اشتیاق احمد، سابق وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر عظمت خان، تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) محبوب قادر، صحافی ڈاکٹر تیمور شمل، صحافی حسن خان اور صحافی طاہر خان کے علاوہ چیئرمین آئی ایس ایس آئی سفیر خالد محمود سمیت سینٹر فار افغانستان مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ کی ڈائریکٹر آمنہ خان اور سینٹر کی ریسرچ ٹیم کے اراکین بھی شامل تھے۔