اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے میانوالی میں پاک فضائیہ کے تربیتی ایئر بیس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ پی پی پی سیکرٹریٹ سے ہفتہ کو جاری مذمتی بیان میں انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ہی دہشت گردوں کے خاتمے کا واحد حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کر کے ان ریاست دشمن مجرموں کا صفایا ہونا چاہیے، ہمیں میانوالی ایئر بیس پر حملے کے منصوبہ سازوں کو بے نقاب کرنا چاہیے، دہشت گردی کے اس منصوبے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی اداروں کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،پیپلزپارٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ہمیشہ سے علم بردار رہی ہے اور رہے گی۔