اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):سابق صدر مملکت جنرل(ر) پرویز مشرف انتقال کرگئے، ان کا انتقال اتوار کی صبح متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے ایک ہسپتال میں ہوا جہاں وہ زیر علاج تھے۔ جنرل (ر) پرویز مشرف 2001 سے2008 تک پاکستان کے صدر رہے۔ ان کی عمر 79 برس تھی اور وہ امریکن ہسپتال دبئی میں زیرِ علاج تھے۔
جنرل (ر ) پرویز مشرف 11 اگست 1943ءکو دہلی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی سکول اور ایف سی کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں بھی حصہ لیا اور وہ 1998میں چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔
بعد ازاں ان کی چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدے پر بھی تقرری کی گئی۔ اس سے قبل بھی وہ پاک فوج میں مختلف اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے اکتوبر 1999 میں اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی حکومت ختم کی اور ملک کے چیف ایگزیکٹیو بن گئے۔ جنرل (ر ) پرویز مشرف نے 12 اکتوبر 1999 کو چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ سنبھالا۔ جنرل (ر) پرویز مشرف 2001 اور 2008 کے دوران پاکستان کے صدر رہے۔
اگست2008 میں صدارت سے مستعفی ہونے کے بعد بیرو ن ملک چلے گئے بعد ازاں مختصر مدت پاکستان میں رہنے کے بعد دوبارہ بیرون ملک چلے گئے۔ انہوں نے 2010 میں آل پاکستان مسلم لیگ کی بنیاد رکھی۔