سابق صدر ممنون حسین کراچی میں انتقال کرگئے

60

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):سابق صدر پاکستان ممنون حسین کراچی میں انتقال کرگئے ۔ بدھ کو مرحوم کے صاحبزادے ارسلان ممنون کے مطابق ان کے والد کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور دو ہفتوں سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

ان کی عمر 80 برس تھی۔ممنون حسین 2013 سے 2018 کے دوران صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہے ،پیشے کے لحاظ سے صنعت کار رہنے والے ممنون حسین1999 میں مختصر مدت کے لیے صوبہ سندھ کے گورنر بھی رہے ۔ان کی پیدائش23دسمبر 1940 میں آگرہ میں ہوئی ،ان کا خاندان 1949 میں ہجرت کر کے پاکستان آ بسا تھا۔

وہ کراچی یونیورسٹی کے گریجویٹ تھے اور اپنے والد کے انتقال کے بعد انہوں نے ٹیکسٹائل کا کاروبار سنبھالا اور 1970 میں سیاست میں باقاعدہ قدم رکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی۔1993 میں صوبائی وزیر خزانہ سندھ مقرر کیے گئے۔وہ جولائی 2013 میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد ہوئے اور اپنے مد مخالف وجیہہ الدین احمد کے مقابلے میں 432 ووٹ حاصل کیئے جبکہ وجیہہ الدین احمد صرف 77 ووٹ لے سکے تھے۔انہوں نے 9 ستمبر 2013 کو پاکستان کے بارھویں صدر کے طور حلف اٹھایا۔