دہلی۔6نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا، بنگلہ دیش نے 280 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا، نجم الحسن شنٹو نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے، کپتان شکیب الحسن کو 82 رنز کی اننگز اور دو وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، سری لنکن بیٹر چارتھ آسالنکا کی شاندار سنچری رائیگاں گئی۔
پیر کو ارون جیٹلی سٹیڈیم دہلی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 38 ویں میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 279 رنز پر آئوٹ ہوگئی، مڈل آرڈر بلے باز چارتھ اسالنکا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 108 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں، اوپنر پاتھم نسانکا 41، سدیرا سماراوکرما 41، دھننجیا ڈی سلوا 34 اور مہیش تھیکشانا 22 رنز بنا کر نمایاں رہے،
بنگلہ دیش کے تنظیم حسن ثاقب نے 3 وکٹیں حاصل کیں، شریف الاسلام اور شکیب الحسن نے دو دو جبکہ مہدی حسن میراز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلہ دیش نے سری لنکا کا 280 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 41.1 اوورز میں حاصل کرلیا، نجم الحسن شنٹو اور کپتان شکیب الحسن نے 169 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ نجم الحسن شنٹو نے 101 بالوں پر 90 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شکیب الحسن 65 بالوں پر 82 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،
محمود اللہ 22 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، توحید ہریدوئے 15 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکا کی طرف سے دلشان مدوشنکا نے 3، مہیش تھیکشانا اور اینجلو میتھیوز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس شکست کے بعد سری لنکن ٹیم ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ بنگلہ دیش ٹیم ساتویں پوزیشن پر آگئی ہے۔یاد رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم چھ شکستوں کے بعد پہلے ہی عالمی ٹائٹل کی دوڑ سےباہر ہو چکی ہے۔