سابق عسکری قیادت کی بھارت کی جانب سے بغیر تحقیقات کے پلوامہ حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دینے کی مذمت،ویٹرنز آف پاکستان

66

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) سابق عسکری قیادت نے بھارت کی جانب سے بغیر تحقیقات کے پلوامہ حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت پراپیگنڈا کے ذریعے عالمی رائے عامہ پر اثر انداز ہو سکتا ہے اور نہ ہی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے توجہ ہٹا سکتا ہے، بھارتی واویلا بلا مقصد نہیں ہے، یہ عالمی عدالت انصاف کے ججوں کی رائے پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے تاکہ پاکستان میں تخریب کاری کرنے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ پیر کو سابق فوجیوں کی تنظیم ویٹرنز آف پاکستان کا اجلاس جنرل(ر) علی قلی خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈمرل(ر) احمد تسنیم،ائیر مارشل (ر)مسعود اختر، بریگیڈیئر(ر) میاں محمود، بریگیڈیئر(ر) سید مسعود الحسن، سلیم گنڈاپور، ڈاکٹر بابر ظہیر الدین اور میجر(ر) فاروق حمیدخان سمیت دیگر شریک تھے۔سابق عسکری قیادت نے کہا کہ بھارت ہر مسئلے کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کا عادی ہو چکا ہے جبکہ انکی سکیورٹی فورسز پر حملے ظلم کا ردعمل ہیں۔ بھارتی حکومت ووٹرز کا دل جیتنے اور مسلمانوں کو کچلنے کے لئے ایسے ہتھکنڈے اختیار کرتی رہتی ہے۔