نوشہرہ19 اگست (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے مرکزی چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان سے سوچ سمجھ کر راستے جدا کئےکیونکہ وہ کسی اور کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوگئے ، وہ عوام کواپنی ہی فوج کے ساتھ لڑانا چاہتے تھے،آئندہ عام انتخابات میں خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کا خاتمہ کریں گے،ہمارا منشور امن ،ترقی و خوشحالی ہے ،بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ ہمارا نصب العین ہے ،
وہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے رابطہ عوامی مہم کے سلسلے میں نوشہرہ کینٹ کرکٹ اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے، جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکن پارلیمنٹرین میں شامل ہوگئے ، سابق وزیراعلی اور وائس چیئرمین محمود خان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ضیا ء اللہ بنگش ،مرکزی رہنما عابد نور ،سابق ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ریاض خا ن ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا ،پرویز خان خٹک نے کہاکہ میں نے جب پارٹی چھوڑی تو کچھ بچے جنہیں عمران خان نے تمیز نہیں سکھائی سوشل میڈیا پر بیٹھ کر گالیاں دیتے رہے ،افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ سابق وزیراعظم نے انہیں تمیز نہیں سکھائی جو اپنے چھوٹوں کو تمیز نہیں سکھاتا وہ خود کیا تمیز دار ہوگا ،لیڈر وہ ہوتا ہے جو قوم کو لیکر چلتا ہے
،لیڈر وہ ہوتا ہے جو قوم کو تہذیب وتعلیم سکھاتا، ان کے لیڈر میں تہذیب نہیں تو ان کے کارکنوں میں کیا تہذیب ہوگی ،جب میں عمران خان کے ساتھ تحریک انصاف میں شامل ہوا تو لوگ کہتے تھے کہ پرویز خٹک اکیلا ہے اس کے ساتھ کوئی نہیں ،اب میں کہتاہوں کہ تم لوگ اکیلے ہو،نوشہرہ کیا خیبر پختون خوا میرے ساتھ کھڑا ہے ،عمران خان کہتا تھا کہ یہ سب چلے جائیں تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، آج میں انہیں کہتا ہوں کہ نوشہرہ آپ کے ہاتھ سے نکل گیا ہے ،تم غرور کرتے ہواور اللہ تعالی غرور کو پسند نہیں کرتا
،ہزاروں لوگ میں پی ٹی آئی میں لیکر آیا آج وہ سب تمھارے ساتھ نہیں ، سب پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین میں شامل ہوچکے ہے ،یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے نوشہرہ کی پانچوں سیٹیں جتوائیں، آئندہ مقابلہ کرکے دیکھیں گے نوشہرہ میں تحریک انصاف کا صفایا نہ کیا تو میرا نام بدل دینا،
انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہے کہ پرویز خان خٹک نے غداری کی میں نے جتنی خدمت تحریک انصاف کی کی ہے وہ کسی کا باپ بھی نہیں کرسکتا، میں نے جو کام کیا وہ یہ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے،آج کا دن یاد رکھنا یہ قافلہ نوشہرہ سے اٹھاہے صوبے کے کونے کونے تک پہنچائیں گا اور تحریک انصاف کا صفایا ہوگا، میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے رہنماؤں کوآج اس لیے ساتھ لیکر آیا ہوں تاکہ وہ دیکھ لیں کہ عوام ان کے ساتھ ہے ،
انہوں نے کہاکہ 2013میں جب تحریک انصاف اٹھی تو یہ ان ہی الیکٹبلس کی وجہ سے تھی جو تحریک انصاف میں شامل ہوئے اوراپنے ساتھ ہزاروں لوگوں کو ساتھ لیکر آئے، آج سارے واپس جارہے ہیں، ہر ایک ضلع میں آپ کو ہزاروں لوگ دکھاؤں گا جو تحریک انصاف پارلیمنٹریں میں آئیں گے کیونکہ لوگوں کو پتہ ہے کہ اس صوبے میں ہم نے خدمت کی ،اصلاحات لائے،
پولیس کو بااختیار کیا ،سکول میں تعلیم اور اساتذہ کی کمی پوری کی ،ہسپتالوں میں صحت کارڈ اور ڈاکٹروں کی کمی پوری کی ،سب سے بڑی چیز ہم نے رشوت ختم کی کیونکہ جب میں خود رشوت نہیں کھاتا تو کسی کو بھی کھانے نہیں دیتا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=380786