
گجرات ۔11 اگست (اے پی پی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ صدر اسحاق خان‘دوسری مرتبہ پرویز مشرف اور تیسری مرتبہ عدلیہ کے ذریعے مجھے گھر بھیجا گیا‘ یہ عوام کے ووٹ کی توہین ہے‘ میں وزیراعظم نہیں ہوں پھر بھی کوئی فکر کی بات نہیں ‘ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا ‘میری خواہش نہیں کہ مجھے دوبارہ وزیراعظم بنایا جائے لیکن یہ حق عوام کا ہے ‘اب جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا قانون نہیں چلے گا‘ اگر مجھے کام کرنے دیا جاتا تو آئندہ دو تین سالوں میں کوئی بے روزگار نہ رہتا ‘سب کو روزگار ملتا، پورے پاکستان جس میں گلگت بلتستان ‘آزاد کشمیر ‘بلوچستان ‘سندھ ‘ کے پی کے اور پنجاب کے عوام کی یہی آواز ہے کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ کسی کو منظور نہیں ہے۔ وہ گجرات میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کہتے ہیں کہ ہم کرائے پر لوگ لاتے ہیں ‘عوام ہاتھ اٹھا کر بتائےں کہ وہ خود آئے ہیں یا کسی نے لایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ دیکھ رہا ہے جو کچھ نواز شریف کے ساتھ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف وہی ہے جسے آپ نے 2013میں ووٹ دیا تھا ‘آج میں کمٹمنٹ کرنے آیا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ 2013سے پہلے نہ پنکھا چلتا تھا اور نہ چولہا جلتا تھا ‘آج 2017میں بجلی بھی ہے اور گیس بھی ہے ‘انشاءاللہ 2018میں لوڈ شیڈنگ ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگر مجھے کام کرنے دیا جاتا تو آئندہ دو تین سالوں میں کوئی بے روزگار نہ رہتا ‘سب کو روزگار ملتا ‘مجھے کام نہیں کرنے دیا گیا ‘جتنی تیزی سے میں ملک کی ترقی کے لئے کام کررہا تھا اسی تیزی سے مجھے نکال دیا گیا ۔