سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا گوجر خان، سوہاوہ اور دینہ میں ریلی کے شرکاءسے خطاب

112

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے امانت میں خیانت نہیں کی، مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، مجھے ملک کی خدمت کا انعام دیا گیا ہے یا سزا دی گئی۔ جمعرات کو راولپنڈی سے لاہور جاتے ہوئے گوجر خان، سوہاوہ اور دینہ میں ریلی کے شرکاءسے مختصر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے مجھے اپنے ووٹوں سے وزیراعظم بنایا تھا، مجھے گھر بھیج دیا گیا، کیاآپ کو یہ منظور ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منتخب وزیراعظم کی نہیں بلکہ ووٹروں اور 20 کروڑ عوام کی توہین ہے اور گزشتہ 70 سال سے قوم کی توہین کی جا رہی ہے، انشاءاللہ ہم اس روایت کو بدلیں گے اور اس کھیل کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں تو آپ لوگوں کےلئے دن رات کام کر رہا تھا،نوجوانوں کےلئے روزگار کےلئے کام کر رہا تھا، ملک سے غربت مٹانے کےلئے کام کر رہا تھا،پاکستان کی ترقی کےلئے کام کر رہا تھا، ہسپتال بنا رہا تھا، ملک سے اندھیرے دور کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی نا اہلی کا نہیں بلکہ بیس کروڑ لوگوں کی نا اہلی کا مقدمہ لے کر نکلا ہوں، ہم مل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ کیا آپ میرا ساتھ دیں گے۔