26.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 30, 2025
ہومقومی خبریںسابق وزیراعظم نواز شریف حکومت نے 28 مئی کو پاکستان کے دفاع...

سابق وزیراعظم نواز شریف حکومت نے 28 مئی کو پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا، انجینئر امیر مقام

- Advertisement -

پشاور۔ 28 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران، کشمیر و گلگت بلتستان امور انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے 28 مئی 1998 کو کامیابی کے ساتھ چھ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ پی ایم ایل این سیکرٹریٹ میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بین الاقوامی دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے ایسے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں بلوچستان کے چاغی پہاڑوں پر چھ ایٹمی تجربات کئے۔

انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی پاکستان پر میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا کیونکہ پاکستان دنیا کی ساتویں اور مسلم امہ کی پہلی ایٹمی قوت ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔معرکہ حق کے دوران بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر سیاسی اور عسکری قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستانی قوم کا جذبہ تاریخی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف تمام شعبوں میں برتری کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے رافیل سمیت متعدد جنگی طیارے مار گرائے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ملک اور آزاد کشمیر میں 27 سال قبل پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر اس وقت کی سیاسی قیادت، عسکری قیادت اور سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر کے سلسلے میں آج شام میرپور آزاد کشمیر میں ایک بڑا عوامی اجتماع ہوگا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جلسہ عام میں آزاد کشمیر کے عوام بڑی تعداد میں شرکت کر کے بھارت کے جوئے سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس کی امن کی خواہش کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کا راستہ کشمیر سے گزر رہا ہے اور عالمی برادری بشمول سپر پاورز پر زور دیا کہ وہ تجارتی مفادات سے بالاتر ہو کر فاشسٹ مودی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبو ضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے پاکستان بنایا ہے اور ان کی جماعت اسے معاشی طاقت بنائے گی۔اس موقع پر موجود عوام نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور انجینئر امیر مقام کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602358

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں