سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کا یوم پیدائش (کل) جمعہ کو منا یا جائے گا

322
Benazir Bhutto Shaheed
Benazir Bhutto Shaheed

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):دختر مشترق، سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بے نظیر بھٹو شہید کا یوم پیدائش(کل) جمعہ 21 جون کو منایا جائے گا ،وہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے گھر 21 جون 1953ء کو پیدا ہوئیں۔ انہوں نےصرف 29 برس کی عمر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالی۔ طویل جلاوطنی کے بعد بینظیربھٹو 1986ء میں وطن واپس پہنچیں اور 1987ء میں آصف علی زرداری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ بے نظیر بھٹو نے محض 35 سال کی عمر میں عالم اسلام کی پہلی مسلم خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

محترمہ بےنظیر نے 1998ء میں دوبارہ جلاوطنی اختیار کی اور 18 اکتوبر 2007ء کو وطن واپس پہنچیں تو ان پر پہلا جان لیوا حملہ ہوا جس میں 200 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو گئے ۔محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی جدوجہد اور قربانی کی ایک داستان ہے۔ 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جاتے ہوئے ان پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ اپنی کار کی چھت سے باہر ابھر کر عوامی نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دے رہی تھیں،اس حملے میں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔

انہوں نے پاکستانی سیاست میں تلخیوں کو کم کرنے باہمی اتفاق کے فروغ کےلئے میثاق جمہوریت بھی کیا۔ دو مرتبہ پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہونے والی محترمہ بے نظیر بھٹو نے کئی کتب بھی تحریر کیں۔ ان کے یوم پیدائش کے موقع پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پیپلز پارٹی کے کارکن خصوصی تقاریب کا انعقاد اور ان کی سیاسی و قومی خدمات پر خراج تحسین پیش کریں گے۔