اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):دختر مشترق، سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ جمعہ21 جون کو منائی گئی۔ بے نظیر بھٹو سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے گھر 21 جون 1953ء کو پیدا ہوئیں اور صرف 29 برس کی عمر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالی۔ طویل جلاوطنی کے بعد بینظیر بھٹو 1986ء میں وطن واپس پہنچیں اور 1987ء میں آصف علی زرداری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ بے نظیر بھٹو نے محض 35 سال کی عمر میں عالم اسلام کی پہلی مسلم خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
بےنظیر نے 1998ء میں دوبارہ جلاوطنی اختیار کی اور 18 اکتوبر 2007ء کو جب وطن واپس پہنچیں تو کراچی میں ان پر پہلا جان لیوا حملہ ہوا جس میں 200 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ بے نظیر بھٹو کی زندگی جدوجہد اور قربانی کی ایک طویل داستان ہے۔ 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جاتے ہوئے ان پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ اپنی گاڑی کی چھت سے باہر آ کر عوامی نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دے رہی تھیں۔
اس حملہ میں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ انہوں نے پاکستانی سیاست میں تلخیوں کو کم کرنے اور باہمی اتفاق کے فروغ کےلئے میثاق جمہوریت بھی کیا۔ دو مرتبہ پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہونے والی بے نظیر بھٹو نے کئی کتب بھی تحریر کیں۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور بے نظیربھٹو شہید کی سیاسی و قومی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔