سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا ٹی چوک روات، روات شہر ،گوجر خان، سوہاوا، دینہ اور جہلم پہنچنے پرشاندار استقبال، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں

255

راولپنڈی/گوجر خان/ سوہاوہ/ دینہ / جہلم ۔10 اگست (اے پی پی) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا مسلم لیگ ( ن ) کی ریلی کے دوسرے مرحلے پر جمعرات کو ٹی چوک روات، روات شہر ،گوجر خان، سوہاوہ، دینہ اور جہلم پہنچنے پرشاندار استقبال کیا گیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، ٹی چوک روات پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے نواز شرےف کے حق مےں پر جوش نعرے لگائے، روات شہر میں بھی محمد نواز شرےف کا بھر پور استقبال کےا گےا۔نواز شریف کا قافلہ جہلم میں رات قیام کے بعد (آج) صبح دس بجے گوجرانوالہ روانہ ہو گا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح پنجاب ہاﺅس سے روانگی پر کارکنان نے محمد نوازشریف پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور کارکنان کی بڑی تعداد سابق وزیراعظم کے قافلے کے ساتھ موجود رہی۔قافلے کی انتہائی سست رفتار سے چلنے کی وجہ سے پارٹی قیادت نے حکمت عملی تبدیل کردی تھی اور روات کے بعد محمد نوازشریف کی گاڑی تیز رفتاری سے جہلم کی طرف نکل گئی۔ پنجاب ہاﺅس راولپنڈی سے لاہور راونگی کے دوران پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماوں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ تھی جن میں طارق فضل چوہدری، دانیال عزیز، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر،وزیر مملکت عابد شیر علی، مئیر راولپنڈی سردار نسیم خان، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، سینیٹر چوہدری تنویر، طلال چوہدری، حنیف عباسی، راجہ حنیف ، ضیاءاللہ شاہ، راحت قدوسی، ملک افتخار احمد، سابق ایم این اے ملک شکیل اعوان، چوہدری دانیال تنویر شامل ہیں، پی ایم ایل این کی مقامی قیادت اور سینکڑوں کارکن بھی سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے قافلے کے ساتھ روانہ ہوئے۔ ریلی کے دوران راولپنڈی کچہری چوک پرجوش نعروں اور رقص سے کارکنوں نے جذبات کا اظہار کیا، نواز شریف نے ہاتھ ہلا ہلا کر کارکنوں کی محبت کا جواب دیا۔عابد شیر علی، دانیال تنویر، ملک ابرار،طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری اپنی گاڑیوں کی چھتوں پر چڑھ کر کارکنوں کا جذبہ بڑھاتے رہے۔