اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے میڈیا امور مصدق ملک نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو عوام کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے جدوجہد کی پاداش میں سزا دی گئی ہے ، ایسی سزا ملک کے وزرائے اعظم ملتی رہی ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ ہر سزا کے پیچھے نئی کہانی ہوتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو فیصلہ محمد نواز شریف کے خلاف آیا ہے اسکو عوامی حلقوں میں غیر منصفانہ سمجھا جا رہا ہے ۔ جوالزام لگائے گئے تھے ان پر محمد نواز شریف کو نا اہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ہم سمجھ رہے ہیں کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو انصاف ضرور ملے گا ۔ نیب کی کارروائی کے طریقہ کار سے بھی ہمیں اختلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف ٹرائل دنیا میں ہر انسان کا قانونی اور آئینی حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو نکالنے کے بعد اس کا ٹرائل شروع کیا گیا ۔