
اسلام آباد ۔ 05 اگست (اے پی پی) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہفتہ کو پنجاب ہاﺅس میں مصروف دن گزارا، انہوں نے حکومتی اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ ہفتہ کو وزیر اعظم محمد نواز شریف مری سے پنجاب ہاﺅس پہنچے تو راستے میں جگہ جگہ ان کا شاندار استقبال کیا گیا، بعد ازاں ان سے پنجاب ہاﺅس میں جمیعت علماءاسلام (ف) کے سربراہ اور قومی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین مولانا فضل الرحمان ، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور نیشنل پارٹی بلوچستان کے سربراہ وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو، سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ(ن ) کے سینئر رہنماءچوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔