ملتان ۔ 13 جون (اے پی پی):محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (ایم این ایس-یو ای ٹی) ملتان کے نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر سلطان کو سابق رکن قومی اسمبلی و وفاقی وزیر جاوید علی شاہ نے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے لارڈ کیمپس کے منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ لارڈ میں زیر تعمیر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی منصوبہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ لارڈ کیمپس کی جلد تکمیل ہوگی اور اس کے لیے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔جاوید علی شاہ کا کہنا تھا کہ لارڈ کیمپس کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ یونیورسٹی کو وہاں منتقل کیا جا سکے جو کہ تعلیمی ترقی کے لیے ایک اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ متعلقہ فورمز پر اس منصوبے کے لیے آواز بلند کریں گے اور فنڈز کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔