سابق چیف سیکرٹری شکیل درانی کی دوران ملازمت یادداشتوں پر مبنی کتاب ’’فرنٹیئر سٹیشنز‘‘ کی تقریب رونمائی

195

پشاور۔13دسمبر (اے پی پی):سابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سندھ، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان و سابق چیئرمین واپڈا و ریلوے شکیل درانی کی دوران ملازمت یادداشتوں پر مبنی کتاب "فرنٹیئر سٹیشنز” کی تقریب رونمائی پشاوریونیورسٹی کے ایریا سٹڈی سنٹر کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب میں سابق چیف سیکرٹری ریاض نور، افغانستان میں پاکستان کے سابق سفیررستم شاہ مہمند اورپشاور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر عظمت حیات نے خطاب کیا۔تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق والے افراد، یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اورصحافیوں نے شرکت کی۔

سابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شکیل درانی نے کہاکہ ناقص طرزحکمرانی کی بدولت پاکستان ایشیا کے دیگر ممالک کےمقابلے میں ترقی میں پیچھے رہا جس سے نہ صرف معیشت متاثر ہوئی بلکہ اس عمل نے تمام شعبوں کو بری طرح متاثر کیا۔

شکیل درانی کی بطوربیوروکریٹ پبلک سروس کے دوران ان کی یادداشتوں پر مبنی کتاب آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے شائع کی ہے انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اپنی یادداشتوں کو کتاب کی صورت دینے سے متعلق سوچ رہے تھے تاکہ وہ اپنے بعد آنے والے سول سرونٹس اورسیاستدانوں کو بتاسکیں کہ نظام میں کتنی پیچیدگیاں اورمسائل ہیں اوران کا حل کیسے ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شرح خواندگی محض 58فیصد ہے  جبکہ ملک میں بڑھتی آبادی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے ۔ ہرجگہ سکول، ہسپتال، بجلی اورپینے کے پانی کی دستیابی ضروری ہے اور ملک میں تنازعات کے حل اورانصاف کی جلد فراہمی کا نظام موجود ہونا چاہئے ۔