ساتویں انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس آج لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں شروع ہوگی

105

لاہور۔10فروری (اے پی پی):ساتویں انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس آج لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں شروع ہوگی۔ کانفرنس میں امریکہ، کینیڈا اور ناروے سے مندوبین شرکت کریں گے اور تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ شعبہ پنجابی زبان و ادب لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی میزبانی میں کانفرنس تین دن جاری رہے گی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی نے کہا کہ ماضی میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ایسی متعدد کانفرنسز کامیابی سے منعقد کرچکی ہے۔ پنجابی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ اور ان کی ٹیم پنجابی زبان اور ادب کے فروغ کے لیے شاندار کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجابی زبان برصغیر اور دنیا کے کئی ممالک میں بولی جاتی ہے۔ پنجابی ثقافت اور تہذیب بہت شان دار اور منفرد ہے۔ اس طرح کی کانفرنسز سے پنجابی ثقافت اور ادب کو فروغ ملتا ہے۔ ڈاکٹر مجاہدہ بٹ نے بتایا کہ کانفرنس کا اختتامی سیشن بابا گرو نانک یونیورسٹی میں ہوگا۔ بیرون ملک سے آنے والے مندوبین میں پروفیسر ڈاکٹر ہرجیندر سنگھ، پروفیسر ڈاکٹر چرنجیت سنگھ، عجائب سنگھ چٹھہ، رنجیت سنگھ رانا، سردول سنگھ تھیارا، سنتوک سنگھ سندھو، روپندر کور، ہرکرن کور سندھو، ڈاکٹر ہرجاپ سنگھ سندھو، پربھجوت سنگھ، حکمت سنگھ، اور بلویندر سنگھ چٹھہ شامل ہیں۔