اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی جبر سے نجات اور کشمیریوں کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، سات دہائیوں میں مظلوم کشمیریوں کے حق میں سب سے طاقتور اور توانا آواز وزیراعظم عمران خان کی ہے جو بھارتی ظلم ستم کو للکار رہی ہے، نیویارک ٹائمز میں مضمون ہو یا امریکہ میں خطاب وہ ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کو مودی کی فسطائی سوچ اور ظلم سے عالمی امن کو لاحق سنگین نتائج سے خبردار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور امارات کے وزراء خارجہ کی آمد کشمیریوں کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور وزیراعظم کی ذات پر اعتماد کا اظہار ہے، سعودی واماراتی وزراء خارجہ کا کشمیر کی موجودہ صورتحال پر پاکستان آنا ان کی تشویش کا مظہر ہے اور اس معاملے کی مسلمہ متنازعہ حیثیت کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہذب دنیا مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دے کر انسانیت سے اپنی وابستگی، احترام اور انسانیت کے تقدس کو بچانے میں کردار ادا کرے۔