سات علاقائی ممالک کو ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں 14.05 فیصد اضافہ ریکارڈ

138
State Bank and Pakistan Bureau of Statistics
State Bank and Pakistan Bureau of Statistics

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):سات علاقائی ممالک کو ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں 14.05 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیاہے ۔ سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، نیپال، اور مالدیپ کو جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں 664.129 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈکی گئیں ہیں جو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 13.65 فیصد ہے ۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں چین کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 323.43ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت 350.29ملین ڈالرکے مقابلہ میں 7.66فیصدکم ہے،مالی سال کے پہلے دوماہ می افغانستان کو برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا، جاری مالی سال میں افغانستان کو146.655 ملین ڈالرکی برآمدات ہوئیں جومالی سال 2024کی اسی مدت میں 88.393 ملین ڈالرتھیں۔ بنگلہ دیش کو برآمدات میں 23.75 فیصدکی نموہوئی، مالی سال کے پہلے دوماہ میں بنگلہ دیش کو 122.004 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 98.589 ملین ڈالر تھیں۔

سری لنکا کو برآمدات میں 61.67 فیصد اضاف دیکھنے میں آیا ہے ،مالی سال کے پہلے دوماہ میں سری لنکا کو 69.888 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 98.589 ملین ڈالرتھیں۔مالی سال کے پہلے دوماہ میں نیپال کو ملکی برآمدات میں کمی جبکہ مالدیپ کو برآمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں علاقائی ممالک سے درآمدات کاحجم 2.692 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.923 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 39.98 فیصد زیادہ ہے۔