ساجدہ فاروق تارڑ کا گورنمنٹ گرلز و بوائزہائی سکول ٹائون شپ کا دورہ

123

لاہور۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑکی والدہ محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے حلقہ این اے 127 کی یو سی 239 میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سیکٹر ڈی 2 ون ٹائون شپ کا دورہ کیا۔کوآرڈینیٹر وومن ونگ این اے 127 رابعہ افضل، چیئرمین یو سی 239 اشفاق جٹ ،صدر وومن ونگ پی پی 161 مہوش ارشد اور پی پی162 سعدیہ ملک بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔والدہ عطااللہ تارڑ نے سکولوں کے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا اور طالبعلموں سے گفتگو بھی کی جبکہ دونوں سکولوں کے انتظامات اور کام کا جائزہ لیا۔

ساجدہ فاروق تارڑ نے چیئرمین یوسی 239 اشفاق جٹ کی جانب سے سکول کی بچیوں کو عطیہ کیے گئے الیکٹرک واٹر کولر کا تحفہ بھی دیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ بچے اس قوم کا سرمایہ ہیں اور اساتذہ ان کی تربیت میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پرنسپل گرلز سکول فائقہ مسعود اور بوائز سکول کے انچارج ہیڈ ماسٹر ملک صابر حسین نے محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ کو دونوں سکولوں کے مسائل سے الگ الگ آگاہ کیا ۔

محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے مسائل کے حل کی جلد یقین دہانی کروائی۔ بعد ازاں محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے اسکول میں قائم ایمانداری شاپ کو دیکھا اور اس آئیڈیا کی تعریف کی کہ جس میں بچے اپنی مرضی سے چیزیں لیتے ہیں اور چیزوں کی مقررہ قیمت وہاں موجود ایک ڈبہ میں ڈال دیتے ہیں۔محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ ایسے آئیڈیاز بچوں کی کردار سازی کیلئے بہت اہم ہیں،اس سے بچوں کے کردار میں نہ صرف ایمانداری پروان چڑھتی ہے بلکہ وہ معاشرے کے لیے مفید شہری بھی بن جاتے ہیں۔

قبل ازی محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ کی آمد پر بچے اور بچیوں نے ملی نغموں کی دھنیں بجائیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔اس موقع پرکونسلر رانا انور خان، کونسلر چوہدری محمد اسلم، کونسلر معین الحق، یوتھ کونسلر شان یعقوب، اقلیتی کونسلر ہنوک سکندر بھی اس موقع پر موجود تھے۔