لاہور۔24دسمبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے ٹیکس دہندگان خصوصا تاجر برادری کی ٹیکس سے متعلق تمام حقیقی شکایات کے 34 دن کی مختصر مدت کے اندر ازالے کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اتوار کو یہاں مسلم خان بونیری کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر آصف جاہ کے 29 ستمبر 2021 کو ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے عوامی آگاہی مہم پورے ملک بھر پور انداز میں چلائی جا رہی ہے اور اس کے نتیجے میں تاریخ میں پہلی بار ہزاروں ٹیکس دہندگان نے ای میل، ایف ٹی او پورٹل، واٹس ایپ، موبائل ایپ، فیکس اور تحریری شکایات کے ذریعے ملک بھر میں قائم علاقائی دفاتر سے رابطہ کیا اور ان کو شکایت کی تاریخ سے 34 دنوں کے اندر حل کیا گیا۔