سارک چیمبر کا امریکی نمائندگان کی طالبان حکام کے ساتھ ملاقات کا خیرمقدم، جنگ سے تباہ حال افغانستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی، صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک

76
سارک چیمبر کا امریکی نمائندگان کی طالبان حکام کے ساتھ ملاقات کا خیرمقدم، جنگ سے تباہ حال افغانستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی، صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس نے امریکی نمائندگان کی طالبان حکام کے ساتھ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے جس سے جنگ سے تباہ حال افغانستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

یہ بات بدھ کو سارک چیمبر کے صدر افتخار علی ملک نے وقاص انجم کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے یہاں ان سے ملاقات کی۔

اگست میں اشرف غنی کی حکومت کے خاتمے اور طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پاکستان کی طرف سے مسلسل طالبان کے ساتھ بات چیت پر زور دینے کا حوالہ دیتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان اس حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل عالمی برادری کی طالبان کے ساتھ انگیجمنٹ کی حمایت، وکالت اور حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اچھا شگون ہے کہ دونوں فریقین کے نمائندے تعلیم، صحت، مالیات، سکیورٹی اور بینکنگ کے شعبوں کے علاوہ افغانستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو غیر منجمد کرنے کے لئے طریقہ کار پر غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام کی مدد کے لیے افغانستان کے زر مبادلہ کےذخائر کو غیر منجمد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت پر مغربی ممالک کی پابندیوں اور افغان اثاثوں کو منجمد کرنے سے پیدا ہونے والے معاشی بحران نے افغانستان میں انسانی اور مالیاتی بحران کو مزید سنگین کر دیا ہے۔

افتخار علی ملک نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے افغان تاجر برادری کو اس مشکل وقت میں مدد فراہم کرنے کے لیے افغان برآمدات اور درآمدات پر تمام ٹیکس معاف کرنے کے جرات مندانہ اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں افغانستان کی مدد کیلئے پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خوراک کے کنٹینرز بھی بجھوائے ہیں۔