سارک چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل اسمبلی کا دو روزہ مشترکہ وڈیو لنک اجلاس 30 جون کو طلب

219

اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر روان ادھیریسنگھے نے ایگزیکٹو کمیٹی کا 79 ویں اور جنرل اسمبلی کا 23 واں دو روزہ مشترکہ اجلاس 30 جون کو طلب کیا ہے۔ سارک چیمبر کے قائم مقام سیکرٹری جنرل ذوالفقار علی بٹ نے ہفتہ کو بتایا کہ کورونا وبا کی پابندیوں کی وجہ سے روان ادھیریسنگھے سری لنکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے پہلے دن اجلاس کی صدارت کریں گے اور نیپال ، بھوٹان ، سری لنکا ، افغانستان ، بنگلہ دیش ، بھارت اور پاکستان کے نائب صدور اپنے اپنے ممالک سے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کی سابقہ میٹنگ اور گذشتہ دو سال کی مدت کے دوران ہونے والے اقدامات اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور سال 19-2018ءکے اکاﺅنٹس کی سمری کے علاوہ کچھ آئینی ترامیم بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ سینیئر نائب صدر سارک چیمبر پاکستان چیپٹر افتخار علی ملک آئندہ دو سال کی مدت کے لئے سارک چیمبر کے 14 ویں صدر کا عہدہ سنبھالیں گے اور روان ادھیریسنگھے نئے صدر کو خوش آمدید کہیں گے جبکہ تمام ممالک سے تعلق رکھنے والے نائب صدور سے نئی ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل اسمبلی کو متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صدر کمیٹیوں کے قیام، سالانہ بجٹ اور تاحیات ممبرشپ کی منظوری کے علاوہ پالیسی بیان جاری کریں گے۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے نئے مقام کو بھی اتفاق رائے سے حتمی شکل دی جائے گی۔ افتخار ملک سارک چیمبر کی سربراہی کرنے والے تیسرے پاکستانی ہوں گے۔ قبل ازیں پاکستان سے تعلق رکھنے والے دو دیگر تاجر 1993ء سے 1995ء تک ایس ایم انعام اور 2008ء سے 2010ءتک طارق سعید اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔