اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے انوار الحق کاکڑ کو نگراں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ پیر کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ نگراں وزیر اعظم انصاف اور غیر جانبداری کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے جمہوریت کے فروغ کیلئے کام کریں گے، عوام کے اعتماد کو مضبوط کریں گے اور قوم کے مستقبل کی تشکیل میں فعال طور پر حصہ لینے کے لیے ووٹرز کو با اختیار بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خوشحال پاکستان کے لیے دیانتداری کے ساتھ منصفانہ انتخابات کرانے اور معیشت کو بحال کرنے سے ہر شہری کے دل میں اعتماد پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ ترین منصب اور اس عروج تک آپ کا سفر آپ کی لگن، دانشمندی اور غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ معیشت کی بحالی پر توجہ بڑی اہمیت کی حامل ہے،اس سلسلے میں ہمیں بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ انوار الحق کاکڑ کی قیادت میں اچھی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی جس سے صنعتوں کو استحکام ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور کاروبار و سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نئے وزیر اعظم معیشت کی بحالی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتے ہوئے لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے اپنے پختہ عزم کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم معیشت کی بحال پر خصوصی توجہ دیں گے کیونکہ جمہوریت کے استحکام اور مستحکم معیشت سے ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔