لاہور ۔ 28 جون (اے پی پی) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینیئر نائب صدر افتخار علی ملک کی قیادت میں پاکستان کا ایک اعلی سطحی وفد کل ہفتہ کو سارک ڈویلپمنٹ فنڈ ( ایس ڈی ایف) پارٹنرشپ کنکلیو میں شرکت کے لئے بھارت روانہ ہو گا جو یکم جولائی سے شروع ہو رہی ہے۔ اس اجلاس کا مقصد جنوبی ایشیا میں منصوبہ جاتی تعاون اور علاقائی انضمام کے ذریعہ ترقی کا حصول ہے۔ جمعرات کو یہاں زبیر احمد ملک اور ملک سہیل حسین کی قیادت میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ اجلاس میں رکن ممالک کے مابین سماجی، اقتصادی اور بنیادی ڈھانچہ کے سرحدوں کے آر پار منصوبوں کے لئے تعاون کی راہ تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں توانائی، نقل و حمل، آئی سی ٹی، تجارت، زراعت اور متعلقہ شعبوں اور غربت کے خاتمے کے علاوہ دیگر امور زیر غور آئیں گے۔