اسلام آباد ۔ 3 ستمبر (اے پی پی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء کے عوام کی زندگیوں میں بہتری کے لئے سارک کو بہتر کردار ادا کرنا چاہیے، جنوبی ایشیاء کی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کو متحرک تنظیم بنانے کی ضرورت ہے تاکہ تنظیم کے رکن ممالک میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ خطے کے ممالک کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں نیپال کے سبکدوش ہونے والے سفیر سیوا لامسال آدھیکاری نے صدر سے الوداعی ملاقات کی۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھارت کے مسائل پر مبنی تعلقات کی وجہ سے اس وقت خطے کی سلامتی کو خطرات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف بھارت کے انتہا پسندانہ اقدامات باعث تشویش ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے باہمی مفادات پر مبنی تمام شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک علاقائی و عالمی مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے دفاع، تجارت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام پر زور دیا۔ صدر ملکت نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں اضافہ کے حوالہ سے ان کے کردار کو سراہا۔ نیپال کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دفاع و ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہشمند ہے۔